وزیراعظم شہبازسے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ڈائریکٹرخارجہ امور کمیشن اوران کے وفد کی ملاقات،چینی صدر و وزیراعظم کی طرف سےنیک خواہشات کاپیغام پہنچایا

وزیراعظم شہباز سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ڈائریکٹر خارجہ امور کمیشن اور ان کے وفد کی ملاقات ، چینی صدر و وزیراعظم کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ڈائریکٹر خارجہ امور کمیشن یانگ جیچی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یانگ جیچی پاکستان کے مخلص دوست ہیں اور وہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔

وزیراعظم شہبازشریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ڈائریکٹر خارجہ امور کمیشن یانگ جیچی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ،وزیر مملکت حنا ربانی کھر ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ وہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے چینی وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے یانگ جیچی سے 2015ء میں چینی صدر کے دورے کے موقع پر ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر کے وفد کے اہم رکن کی حیثیت سے یانگ جیچی نے اہم کردار ادا کیا تھا، چین کے ساتھ ہم نے اس وقت مختلف معاہدوں پر دستخط کئے تھے جو دراصل سی پیک کا آغاز تھا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ یانگ جیچی پاکستان کے مخلص دوست ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کے کاز کی حمایت کی اور دونوں ملکوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ بیجنگ کا بھی ذکر کیا جب ان کی یانگ جیچی سے ملاقات ہوئی ۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے منصوبوں ، سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے ان کے شکر گزار ہیں ۔یانگ جیچی نے چینی صدر اور وزیراعظم کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔