وزیراعظم شہباز شریف آج بڑے کسان پیکج کا اعلان کریں گے

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف آج (پیر کو) بڑے کسان پیکج کا اعلان کریں گے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں زراعت اور کسانوں کے روزگار کی بحالی کے لئے خصوصی پیکج تیار کرایا ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت فوڈ سکیورٹی اور خزانہ کی مشاورت سے کسان پیکج تیار کیا گیا ۔ کسانوں کے لئے گندم کے بیج کی مفت فراہمی کا بڑا پروگرام بھی شروع کرنے کا اعلان ہو گا ۔

کھاد (ڈی اے پی) کی قیمت میں کمی اور یوریا کی وافر مقدار میں ملک میں دستیابی کے اقدامات کا اعلان بھی پیکج میں شامل ہے ۔ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی سے چلانے کے بڑے پروگرام کا آغاز، بجلی بلوں میں اقساط بھی پیکج کا حصہ ہیں ۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں اور بے زمین ہاریوں کے لئے زرعی اور بلاسود قرضوں کی فراہمی کا اعلان بھی ہوگا ۔ ٹریکٹر کی درآمد اور زرعی مشینری پر خصوصی رعایتی اقدامات کا اعلان ہوگا ۔

وزیراعظم سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر صوبوں کی اضافی ضروریات پوری کرنے کے لئے گندم کی درآمد کے حوالہ سے بھی خصوصی اعلان کریں گے