وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدرکی ملاقات، پاکستان میں سیلاب کےبعد مشکل انسانی صورتحال میں مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان میں سیلاب کےبعد مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کےلئے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات ہوئی،یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ملاقات میں امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سینکڑوں اموات پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہارکیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کی طرف سے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا ،وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مددکےلئے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پربھی امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔