وزیراعظم شہباز شریف سے مکہ ڈیفنس الائنس کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کی ملاقات

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مکہ امن معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مکہ امن معاہدے کو خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مکہ ڈیفنس الائنس کے پہلے سیکرٹری جنرل، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے الائنس کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ امن معاہدہ خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے ۔ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے، سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ سیکرٹری جنرل مکہ ڈیفنس الائنس نے وزیراعظم کو مکہ ڈیفنس معاہدے کے فریم ورک کے تحت دفاعی اور تذویراتی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے حکمت عملی سے آگاہ کیا۔