وزیراعظم شہباز شریف عوام بالخصوص سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات 

اقوام متحدہ۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف عوام بالخصوص سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں ایمرجنسی کیش امداد اور بجلی سمیت دیگر اشیاء پر سبسڈی شامل ہے۔

جمعہ کو یہاں غیر ملکی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت کی طرف سے مائیکرو اور میکرو اکنامک پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں جن کا تمام تر فوکس عوام بالخصوص سیلاب متاثرین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کے ہر فیصلے کا مرکز عوام ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ جیسے عالمی مسائل کے نتیجہ میں پاکستان سمیت پوری دنیا کو مہنگائی جیسے بڑے مسئلہ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ معاشی مسائل کی ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ حکومت ہے، موجودہ حکومت کو درپیش بڑا چیلنج صرف مہنگائی نہیں بلکہ سابق حکومت کی نااہلی کے باعث کئی چیلنجز ہمیں درپیش ہیں۔