وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش سکول کا افتتاح کیا، کلاس رومز، سائنس، آئی ٹی اینڈ روبوٹکس لیبز اور آرٹ روم کا دورہ کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش سکول کا افتتاح کیا، کلاس رومز، سائنس، آئی ٹی اینڈ روبوٹکس لیبز اور آرٹ روم کا دورہ کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش سکول کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو دانش سکول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پر انہوں نے کلاس رومز، سائنس، آئی ٹی اینڈ روبوٹکس لیبز اور آرٹ روم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے دانش سکول میں زیرتعلیم بچوں اور بچیوں سے ملاقات کی اور طلبہ سے شفقت بھری گفتگو کی۔وزیراعظم نے مشکل حالات کے باوجود تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے جذبے کو سراہا۔اس موقع پر بچوں نے وزیراعظم کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا۔ قبل ازیں، وزیراعظم کو دانش سکول کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکول اسلام آباد 30 ایکڑ رقبے پر قائم کیا گیا ہے، طلبہ اور طالبات کیلئے الگ الگ اکیڈمک بلاکس بنائے گئے ہیں، ہر بلاک میں 24 کلاس رومز، آئی ٹی، سائنس اور روبوٹکس لیبز بنائی گئی ہیں۔ای لائبریری اور آرٹ روم بھی بنائے گئے ہیں، سکول میں کلاسز ششم، ہفتم اور ہشتم سے شروع کی گئی ہیں اور ہر کلاس میں 120 بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے 360 ہونہار بچوں کو سو فیصد میرٹ پر داخل کیا گیا ہے، 38 اساتذہ کو بھرتی کیا گیا ہے اور ضرورت کے مطابق تدریسی سٹاف میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔







