وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر کے کشمیریوں کی مؤثر ترجمانی کی ہے،مریم ادریس

رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی محترمہ مریم ادریس نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر کے کشمیری عوام کے دیرینہ مؤقف کی عالمی سطح پر مؤثر ترجمانی کی ہے

مظفر آباد۔ 27 ستمبر (اے پی پی):رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی محترمہ مریم ادریس نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر کے کشمیری عوام کے دیرینہ مؤقف کی عالمی سطح پر مؤثر ترجمانی کی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے عالمی برادری پر واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی ہے، ان کا خطاب کشمیری عوام کے لیے حوصلہ افزا اور پاکستان کی مسلسل سیاسی و سفارتی حمایت کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی جیسے اہم عالمی فورم پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو ترجیحی طور پر پیش کرنا اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔