وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے(این 25)پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے
وزیراعظم شہباز شریف کا قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے(این 25)پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا، جو لائق تحسین ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن نقل و حرکت کو متاثر کرنے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی مذموم کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنایا۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کے قبضے سے چھ ٹرک ، تین بسیں اور دو گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا .







