وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی کی بدولت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کے لیے اہم پیش رفت

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے،دونوں ممالک نے آئندہ دو سال میں سعودی عرب کے لئے پاکستان کی زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لائیو سٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین …

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے،دونوں ممالک نے آئندہ دو سال میں سعودی عرب کے لئے پاکستان کی زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے لائیو سٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین کے شعبوں میں تعاون کے لیے رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سعودی عرب نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دوگنا کرنے اور چاول کی دوطرفہ تجارت مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے سعودی وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت اور وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے، مذاکرات کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین زرعی اور غذائی تحفظ کی شراکت داری کے فروغ کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ کیا گیا ہے ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی دعوت پر وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن اے الفضلی کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست 2026ء تک اسلام آباد کا دورہ کیا،وفد میں وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت، جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔

وفد نےوزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور ممکنہ تعاون کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی جانب سے وفد کی قیادت وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کی جبکہ وفد میں سیکرٹری تجارت جواد پال، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت و غذائی تحفظ احمد عمیر اور پاکستان کے چاول، سرخ گوشت، پراسیسڈ فوڈ/فروٹ کنسنٹریٹ اور سبز چارے کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نجی شعبے کے نمائندگان شامل تھے۔ دورے کے دوران پاکستان-سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ اسٹریٹجک پلان پر بریفنگ، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل، فوجی فاؤنڈیشن، پاکستان-سعودی عرب ایگری بزنس فورم کے ساتھ ملاقاتیں اور نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کا دورہ بھی کیا گیا۔

دونوں فریقین نے 1947ء سے جاری پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا، دونوں جانب سے سعودی عرب کے ویژن 2030 ءکے تحت غذائی تحفظ کی ترجیحات اور پاکستان کے زرعی و غذائی برآمدی شعبے کے درمیان موجود مضبوط باہمی ہم آہنگی کو اجاگر کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کیلئے برآمدات کو 3 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے جس کے لیے آئندہ دو سال کے دوران اس ہدف کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سعودی نجی شعبے کے ساتھ مل کر چاول، سرخ گوشت، پھل اور ان کے کنسنٹریٹس، سبز چارہ اور پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی زرعی ٹیکنالوجیز کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔

چاول کے حوالے سے دونوں فریقوں نے نوٹ کیا کہ پاکستان نے 2025ء میں سعودی عرب کی چاول کی درآمدی منڈی کو تقریباً 169,000 ٹن چاول فراہم کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین امریکی ڈالر تھی، سعودی وفد نے آئندہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان چاول کی دوطرفہ تجارت مزید بڑھانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔سرخ گوشت کے شعبے میں دونوں فریقین نے پاکستان کی جانب سے سالانہ تقریباً 30,000 ٹن سرخ گوشت کی فراہمی، جس کی مالیت تقریباً 167 ملین امریکی ڈالر ہے، کا جائزہ لیا۔سعودی وفد نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دگنا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کے حوالے سے دونوں فریقین نے سعودی عرب میں پاکستان کے برآمدی حصے کو مزید بڑھانے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ دونوں فریقین نے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط اور میچ میکنگ کو آسان بنانے اور معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری کے لیے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی۔سعودی فریق نے سبز چارے کو تجارت میں وسعت اور طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے قیام کے لیے ایک امید افزا شعبہ قرار دیا،دونوں ممالک نے بھکر، پنجاب میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا اور چھوٹے کاشتکاروں کے لیے مجوزہ دوسرے مرحلے میں دلچسپی کا اظہار کیا،سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت اختیار کرنے کی بھی ترغیب دی جس کا پاکستانی جانب سے خیرمقدم کیا گیا۔

دونوں فریقین نے لائیو سٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین کے شعبوں میں پاکستان کے نجی شعبے کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری تجاویز کا بھی جائزہ لیا اور باہمی تعاون کے لیے رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اپنی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا۔ سعودی عرب میں منعقد ہونے والی 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش جو 19 سے 22 اکتوبر 2026ء کو ریاض میں ہوگی، میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا گیا۔دونوں فریقین نے دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان باہمی مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔