وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے،بورڈ میں نجی شعبے کے قابل اور تجربہ کار ماہرین کو شامل کرکے اسے مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لائیوسٹاک کے شعبے میں اصلاحات کا جائزہ اجلاس، لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے،بورڈ میں نجی شعبے کے قابل اور تجربہ کار ماہرین کو شامل کرکے اسے مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لائیوسٹاک کے شعبے میں اصلاحات، لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیمِ نو اور منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے لئے اقدامات کا جائزہ اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے بورڈ کی تنظیمِ نو کے لئے شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار اپنانے، نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کرنے اور منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے لئے واضح اہداف، قابلِ پیمائش نتائج اور مقررہ مدت پر مشتمل ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لئے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں اور اس شعبے میں مہارت رکھنے والے ممالک کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ جانوروں کی صحت، افزائشِ نسل، پیداوار اور ویلیو چین میں بہتری کے ذریعے پاکستان کی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے جس سے دیہی معیشت اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لئے واضح اہداف اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع ایکشن پلان پیش کیا جائے،وفاقی حکومت اپنے وسائل سے مویشیوں کیلئے جدید و مؤثر ویکسین کی پیداوار کا پلانٹ اسلام آباد میں قائم کر رہی ہے،لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لئے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں اور متعلقہ ممالک کے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں لائیوسٹاک کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، اسے برآمدات اور معاشی ترقی کے لئے بروئے کار لایا جائے۔اجلاس میں بورڈ کی تنظیمِ نو، جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی، ویکسینیشن، جانوروں کی شناخت و ٹریس ایبلٹی اور گوشت و ڈیری مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔








