وزیراعظم شہباز شریف کی عرب جمہوریہ شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی عرب جمہوریہ شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات

نیویارک ۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شام کی خودمختاری، اتحاد، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے شامی عوام کے لیے قومی استحکام، قومی یکجہتی، امن اور معاشی بحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر عرب جمہوریہ شام کے صدر احمد الشرع سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے شام کے ساتھ پاکستان کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا جس میں اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ، ادارہ جاتی طریقۂ کار کو فعال بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں موثر تعاون شامل ہے۔

وزیراعظم نے شام کی تعمیرِ نو اور معاشی بحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عملی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت واضح کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کی تجدید کی۔ ملاقات میں پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی تجدیدِ عہد کے ساتھ ساتھ آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔