وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور سے ملاقات،وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور سے ملاقات،وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار

مزید خبریں
نیویارک ۔24ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان۔ یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئےاس امر پر زور دیا ہے کہ اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعظم آفس کےمیڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران رہنمائوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطح پر بڑھتے ہوئے باہمی روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور یورپی یونین کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس فریم ورک کے تحت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل روابط جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے یورپی یونین کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔






