وزیراعظم فیول ریلیف سکیم، 50 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ، رکشوں اور لوڈرز کی رجسٹریشن فوری مکمل کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے تحت اہل رکشوں اور لوڈرز کے مالکان کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے اور رجسٹریشن سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرصدارت وزیراعظم فیول ریلیف سکیم سے متعلق اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز …

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے تحت اہل رکشوں اور لوڈرز کے مالکان کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے اور رجسٹریشن سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرصدارت وزیراعظم فیول ریلیف سکیم سے متعلق اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ سمیت متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت آئی ٹی اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی جانب سے فیول ریلیف سکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں سکیم کے تحت پانچ ملین سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ فیول ریلیف سکیم کے ٹوکن بھی کامیابی سے جاری کئے جارہے ہیں، اکثر پٹرول پمپس پر رجسٹریشن سمیت دیگر مسائل حل کئے جاچکے ہیں۔احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں فیول ریلیف سکیم کامیابی سے جاری ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کی رجسٹریشن کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے اجلاس کو بتایا کہ غیر رجسٹرڈ رکشوں اور لوڈرز کو ایکسائز رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے تاہم صوبائی حکومتوں نے رکشوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد اہل رکشوں کو فیول ریلیف سکیم میں شامل کیا جائے گا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے مالکان فیول ریلیف سکیم سے مستفید ہورہے ہیں۔احد چیمہ نے کہا کہ عوام کو فیول ریلیف سکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لئے رجسٹریشن سے متعلق تمام مسائل فوری حل کئے جائیں۔ رکشوں اور لوڈرز کے اہل مالکان کو فیول ریلیف سے محروم نہیں رکھا جانا چاہئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن یا ٹوکن سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے پورٹل جلد فعال کیا جائے۔ ایکسائز رجسٹریشن اور ٹوکن ادائیگی کے مسائل سے دوچار رکشوں اور لوڈرز کو بھی شکایتی نظام میں شامل کیا جائے۔پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ صارفین کی شکایات درج کرنے کے لئے پورٹل جلد فعال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے اپنے حلقوں میں پٹرول پمپس کے دوروں اور فیول ریلیف سکیم کا جائزہ لینے کے اقدام کو بھی سراہا گیا۔ احد چیمہ نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے فیڈبیک کی روشنی میں سسٹم کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے اور وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اسکیم سے متعلق ریئل ٹائم ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرول پمپس کو زیادہ تر ادائیگیاں کی جاچکی ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ زیر التوا ادائیگیوں کے مسائل ایک، دو روز میں حل ہوجائیں گے۔

احد چیمہ نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپس کی ادائیگیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فیول ریلیف سکیم کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی مہم اور زمینی سطح پر آگاہی کے اقدامات جاری ہیں جبکہ عوامی آگاہی بڑھانے کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔احد چیمہ نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 

مزید خبریں