نیویارک۔21ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امریکہ کے صدارتی نمائندہ برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے اور توانائی کے شعبہ میں مذاکرات آگے بڑھانےپر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکہ کے صدارتی نمائندہ برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری کی ملاقات کے دوران ہوا۔ ملاقات …
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امریکہ کے صدارتی نمائندہ برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری کی ملاقات

مزید خبریں
نیویارک۔21ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امریکہ کے صدارتی نمائندہ برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے اور توانائی کے شعبہ میں مذاکرات آگے بڑھانےپر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکہ کے صدارتی نمائندہ برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری کی ملاقات کے دوران ہوا۔
ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے متعلق آگاہی پید اکرنے اور اس کے حل کیلئے جان کیری کی خدمات کو سراہااور کلائمیٹ چینج کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تباہ کن سیلاب سے پاکستان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر امریکہ کی فوری امداد پر اظہار تشکر کیا اور نہ صرف فوری بحالی اور امدادی کاوشوں بلکہ اس کے بعد تعمیرنو اور بحالی کے مرحلہ کیلئے بھی بین الاقوامی برادری کی مسلسل مدد کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ہے۔ اس کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثرہ 10ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر معمولی قدرتی آفت کا سامنا ہے، تباہ کن سیلاب سے 1400 سے زائد افراد جاں بحق اور تین کروڑ 30 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں جن میں سے 6 لاکھ سے زائد خواتین حاملہ ہیں، 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ دیہاتوں کے دیہات اور لوگوں کا روزگار ختم ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے پیرس معاہدے کے تحت موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے مالی معاونت کی فراہمی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد کار سے متعلق امداد کے حوالہ سے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کیلئے کئے جانے والے وعدوں کی تکمیل میں امریکہ کے قائدانہ کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
جان کیری نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور سیلاب کی وجہ سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کی طرف سے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مضبوط بنیادی ڈھانچہ کی تعمیرنو اور دوسری معاونت کی شکل میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے بحران سے بچا جا سکے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی اور توانائی سے متعلق مذاکرات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔








