وزیراعظم محمد شہباز شریف کا آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کے لیے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کے لیے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

نیویارک ۔24ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کے لیے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی تنازعات اور بیرونی مہنگائی کے دبائو کے باوجود پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کی بدولت معاشی استحکام کے مرحلے سے کامیابی کے ساتھ معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بالخصوص پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں منیجنگ ڈائریکٹر کے کردار کو سراہا۔وزیراعظم نے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کیلئے حکومت کی بھرپور ملکیت اور وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم بنانے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی بنیادیں استوار کرنے کے لیے اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے اور ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ علاقائی تنازعات اور بیرونی مہنگائی کے دبائو کے باوجود پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کی بدولت معاشی استحکام کے مرحلے سے کامیابی کے ساتھ معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم نے مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نیشنل ٹیرف نظام، ملکی محصولات میں اضافے کے لیے اقدامات اور نجکاری کے عمل میں پیش رفت کو پاکستان کی ان کوششوں کی مثالیں قرار دیا۔انہوں نے معاشی اصلاحات کے تسلسل کے ساتھ ساتھ معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم پر بھی زور دیا۔منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ٹھوس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے، اصلاحات کو آگے بڑھانے، ملکی معیشت کی مضبوطی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر برائے نجکاری محمد علی، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔