وزیراعظم محمد شہباز شریف کی روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف سے ملاقات ، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف سے ملاقات ، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور باہمی مفاد کے لئے موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر استفادہ کرتے ہوئے تعاون کو آگے بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیاہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف سے ملاقات ہوئی۔
روسی وزیر اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور باہمی مفاد کے لئے موجودہ دوطرفہ طریقہ کار سے مؤثر استفادہ کرتے ہوئے تعاون کو آگے بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔روسی وزیر داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی روس کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے مختلف کثیرالجہتی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے دوطرفہ روابط مزید بڑھانے کے لئے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کے لئے روس کی آمادگی کا اظہار کیا۔بعد ازاں وزیراعظم نے منظم جرائم کی روک تھام کے لئے تعاون مضبوط بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔








