لاہور۔1فروری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے دیا گیا پرکشش مراعاتی پیکیج برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اتوار کو لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد عمران نے کہا کہ حکومت کی جانب سے برآمد کنندگان کو ٹیکس میں …
وزیراعظم کا تاریخی مراعاتی پیکیج برآمدات پر مبنی ترقی کی ضمانت بنے گا،شاہد عمران
لاہور۔1فروری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے دیا گیا پرکشش مراعاتی پیکیج برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اتوار کو لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد عمران نے کہا کہ حکومت کی جانب سے برآمد کنندگان کو ٹیکس میں ریلیف، توانائی کے نرخوں میں کمی، آسان شرائط پر فنانسنگ تک رسائی اور ضابطہ جاتی عمل کو سادہ بنانے جیسے اقدامات سے کاروباری برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوگا اور یہ سہولیات عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مسابقتی صلاحیت کو مضبوط کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پالیسیوں پر تسلسل کے ساتھ عملدرآمد، شفافیت کے فروغ اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان موثر اشتراک اشد ضروری ہے۔ شاہد عمران نے کہا کہ اگر ان اقدامات کو برقرار رکھا گیا اور ساتھ ہی بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور ہنرمندی کے فروغ کے پروگرامز بھی متعارف کرائے گئے تو پاکستان برآمدات میں مسلسل اضافہ، صنعتی ترقی اور طویل المدتی معاشی استحکام حاصل کر سکتا ہے، جو پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہوگا۔
شاہد عمران نے خوراک کے شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی معیشت کے سب سے زیادہ امکانات رکھنے والے شعبوں میں شامل اور حکومتی مراعات سے اسے غیر معمولی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پراسیسنگ یونٹس کی جدید کاری، پیکیجنگ کے معیار میں بہتری اور عالمی معیار کی سرٹیفیکیشنز پر عملدرآمد سے خوراک کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خام اشیاء کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا چاہیے، کیونکہ اس سے نہ صرف زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا بلکہ سپلائی چین کے مختلف مراحل پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔









