وزیراعظم کا معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے تسلسل کو قائم رکھنے کا فیصلہ

وزیراعظم کا معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے تسلسل کو قائم رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے تسلسل کو قائم رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں، پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے گزشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکا جائے، عوامی ریلیف کے اقدامات کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے ثمرات براہ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عام آدمی کیلئے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا، ان حالات میں جس قدر ممکن ہو سکا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ خطے کی صورتحال میں جلد بہتری آئے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آ سکے۔

مزید خبریں