وزیراعظم کی جانب سے ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپ گریڈ کرنے کے اعلان پر کام شروع ہو گیاہے، وفاقی وزیر برائے توانائی

وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپ گریڈ کرنے کے اعلان پر کام شروع ہو چکا ہے، ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ کا توسیعی منصوبہ جنوری 2028 میں مکمل کیا جائے گا۔ ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کےجائزہ کے …

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپ گریڈ کرنے کے اعلان پر کام شروع ہو چکا ہے، ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ کا توسیعی منصوبہ جنوری 2028 میں مکمل کیا جائے گا۔ ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کےجائزہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیمیں منصوبے پر کام کر رہی ہیں اور ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع سمیت مختلف امور پر پیشرفت جاری ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے رن وے کی توسیع کے کام کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لئے اپ گریڈ کرنے سے علاقے کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے ڈی جی خان کی ترقی کے لئے چار اہم منصوبوں کا اعلان کیا تھا جن میں ایئرپورٹ کی توسیع، کینسر ہسپتال کا قیام، سیوریج کا طویل المدتی منصوبہ اور سڑکوں کی توسیع و کشادگی شامل ہیں، سیوریج کا منصوبہ آئندہ 50سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے جبکہ سڑکوں کی بہتری اور کشادگی سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی، ان منصوبوں کی تکمیل سے ڈی جی خان میں بنیادی سہولیات بہتر ہوں گی اور علاقے کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران امریکا جنگ کے باعث گیس کی فراہمی اور دستیابی سے متعلق پیدا ہونے والی مشکلات بجلی کی پیداواری لاگت پر اثر انداز ہو رہی ہیں جس کے باعث مہنگے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری اور لائن لاسز پر قابو پانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہی ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں ٹرانسفارمرز پر (اے پی ایم ایس) نصب کیا جا رہا ہے جس کا مقصد بجلی چوری کی نشاندہی کرکے متعلقہ علاقوں میں موثر کارروائی کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ای پی ایم ایس کے ذریعے بجلی چوری والے مخصوص علاقوں کے ٹرانسفارمرز کی نشاندہی اور ضرورت کے مطابق انہیں بند کیا جا سکے گا تاکہ بجلی چوری کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں پورے فیڈر کے ہزاروں بجلی صارفین کو متاثر نہ ہونا پڑے، اس جدید نظام سے بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

سردار اویس احمد خان لغاری نے واضح کیا کہ 30فیصد یا اس سے زائد نقصانات والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور بجلی چوری کرنے والوں یا بجلی کے بل ادا نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نظام میں بہتری، نقصانات میں کمی اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈی جی خان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں سفری سہولیات، صحت عامہ، نکاسی آب اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے سے ڈی جی خان اور جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔

قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وفاقی وزیر کو ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے بارے بریفنگ دی اور انہیں شیلڈ بھی پیش کی۔وفاقی وزیر نے ائیر پورٹ توسیعی منصوبے پر شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا اور دعا کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سردار عمار لغاری، رکن صوبائی اسمبلی علی یوسف لغاری، سابق ممبران صوبائی اسمبلی سردار یوسف لغاری اور علیم شاہ بھی موجود تھے۔

مزید خبریں