وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختَیف نے ملاقات کی
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر کی ملاقات ، اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختَیف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، برآمدات اور عوامی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور تجارت، سرمایہ کاری، برآمدات اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان برادر اور دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے اور کاروباری و سرمایہ کاری تعاون کے لئے نئے مواقع پیدا کئے جا رہے ہیں۔ملاقات میں ازبکستان کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ضمن میں دورے کی تیاریوں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ ازبک فریق کی جانب سے پاکستانی وفد کو ازبکستان کے دورے اور مختلف صوبوں کے گورنرز سے ملاقاتوں کی دعوت بھی دی گئی تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سطح پر تعاون کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔ہارون اختر خان نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہِ راست فضائی رابطوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بہتر فضائی روابط دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں، تجارت اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بہتر باہمی رابطوں بالخصوص ممکنہ کارگو فضائی رابطوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور برآمدات کو نئی تحریک دی جا سکتی ہے اور اشیاء کی نقل و حرکت کو مزید آسان بنایا جا سکتا ہے۔ملاقات میں ازبکستان کے مختلف صوبوں کے گورنرز سے ملاقاتوں کے لئے پاکستانی کاروباری وفد کی تشکیل اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری حمیرا ضیاء مفتی، جوائنٹ سیکرٹری فریدون اکرم شیخ اور ڈپٹی سیکرٹری شاہد اعجاز تارڑ بھی موجود تھے۔







