وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چینی شینگ تانگ گروپ کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع شینگ تانگ گروپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق شینگ تانگ گروپ پاکستان میں 10 ملین ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا خواہاں ہے۔چینی وفد نے صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، …
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چینی شینگ تانگ گروپ کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے چینی شینگ تانگ گروپ کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع شینگ تانگ گروپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق شینگ تانگ گروپ پاکستان میں 10 ملین ڈالر مالیت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا خواہاں ہے۔چینی وفد نے صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، سیاحت، الیکٹرک وہیکلز، ریلوے، توانائی اور شہری ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے چین کے ساتھ تعاون کے وژن کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں۔ ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر کاروبار دوست ریگولیٹری اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے لینڈ لیز ماڈل موجود ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ موزوں وقت ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی قابلِ اعتماد حیثیت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہت زیادہ گہرے ہیں، چین کے ساتھ متعدد مشترکہ منصوبوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ چین کے ساتھ طے پانے والے 40 فیصد مشترکہ منصوبے عمل درآمد کے مرحلہ میں ہیں، چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں صنعتی ترقی، معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا اگلا اہم مرحلہ الیکٹرک وہیکلز کی ٹیکنالوجی ہے، پاکستان الیکٹرک وہیکلز کی ٹیکنالوجی کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔ ہارون اختر خان نے چینی وفد کو یادگاری سووینئر پیش کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری ہمیرا ضیا مفتی، جوائنٹ سیکریٹری فریدون ارم شیخ اور جوائنٹ سیکرٹر ی عامر عقیق بھی موجود تھے۔







