وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کانیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں جنریشن آن لمیٹڈ سٹریٹجک ایڈوائزری کونسل کے مشاورتی اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا اور انٹرپرینیور شپ کلچر کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) ہیڈ کوارٹرز میں جنریشن آن لمیٹڈ سٹریٹجک ایڈوائزری کونسل …

اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا اور انٹرپرینیور شپ کلچر کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) ہیڈ کوارٹرز میں جنریشن آن لمیٹڈ سٹریٹجک ایڈوائزری کونسل کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند پاکستان پروگرام کامیاب جوان پروگرام کا حصہ ہے اور یہ نوجوانوں کو ضروری فنی مہارتوں اور تربیت فراہم کرنے کے لئے شروع کیا گیا ہے تاکہ وہ دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے مخصوص پروگرام جلد مکمل کئے جائیں گے اور نوجوانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے حکومت پاکستان ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کو بھرپور سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹجک ایڈوائزری کونسل ہمارے ٹیکنیکل ٹریننگ اینڈ ووکیشنل سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے سٹریٹجک رہنمائی فراہم کرے گی اور نجی و سرکاری شراکت داری کو فروغ دے گی جس سے سلوشنز کی نشاندہی، سرمایہ کاری کو کھولنا اور معاشرے میں نوجوانوں کے مثبت کردار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ کونسل کے اراکین تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کر کے آئندہ اجلاس میں واضح روڈ میپ وضع کریں جس سے فرق کی نشاندہی اور اسے حل کرنے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن نے کہا کہ کونسل کے ساتھ شراکت داری نوجوانوں کو ضروری فنی مہارتوں سے لیس کرنے اور انہیں معاشرے کا متحرک رکن بنانے کے لئے معاون ثابت ہو گی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ڈاکٹر ناصر خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ، یونیسف، یو این ڈی پی، ہایئر ایجوکیشن کمیشن، آغا خان فاﺅنڈیشن اور نجی شعبہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران کونسل کے قواعد و ضوابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔