وزیراعظم یوتھ پروگرام اور جونیئر اچیومنٹ پاکستان کے مابین نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) اور جونیئر اچیومنٹ پاکستان (جے اے پاکستان) کے مابین ملک بھر کے نوجوانوں کو مالیاتی آگاہی

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظ

م یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) اور جونیئر اچیومنٹ پاکستان (جے اے پاکستان) کے مابین ملک بھر کے نوجوانوں کو مالیاتی آگاہی، پیشہ ورانہ مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت(ایل او آئی) پر دستخط کیے گئے۔ یہ تقریب وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں دونوں اداروں کی اعلیٰ قیادت، سرکاری حکام اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبے سے وابستہ اہم نمائندگان نے شرکت کی۔مفاہمتی یادداشت پر جونیئر اچیومنٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن نور پگانوالا اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر امصل زمان نے دستخط کیے۔اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو مالیاتی امور کی سمجھ بوجھ، کاروباری استعداد، پیشہ ورانہ تیاری اور عملی مہارتوں کی فراہمی کے لیے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ اس تعاون کے تحت جونیئر اچیومنٹ پاکستان کے تجرباتی تعلیمی طریقہ کار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے وسیع قومی نیٹ ورک اور نوجوانوں پر مرکوز اقدامات سے منسلک کیا جائے گا۔

دونوں ادارے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے، تعلیمی مواقع کو عملی معاشی امکانات سے جوڑنے اور مستقبل کے روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں کی فراہمی کے لیے تعاون کریں گے۔ اس سلسلے میں دانیال سکولز اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے دیگر نوجوانوں کی ترقی سے متعلق اقدامات کے ذریعے تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے نوجوانوں کو جدید مہارتوں، کاروباری معلومات اور معاشی مواقع تک رسائی فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی اور کاروباری صلاحیتوں میں اضافہ ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔مفاہمتی یادداشت وزیراعظم یوتھ پروگرام اور جونیئر اچیومنٹ پاکستان کے مابین مشترکہ کاوشوں کو وسعت دینے اور ملک کے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی، کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر تعلیم، ہنرمندی، کاروبار، روزگار اور جدت کے شعبوں میں مواقع کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

مزید خبریں