لاہور۔9اپریل (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں، نماز عید کے اجتماعات خصوصا ًمساجد اور امام بارگاہوں کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں، چاند رات اور عیدالفطر پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔
وزیراعلی نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ مارکیٹوں،بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔سینئر پولیس آفیسر چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ امن عامہ کیلئے پولیس کو محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا، وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیئے۔