وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے دوسرے مرحلے کا آغاز، پہلی قسط جاری کر دی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے دوسرے مرحلے کا آغاز، پہلی قسط جاری کر دی گئی

فیصل آباد۔ 16 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے لائیو سٹاک کارڈ کے دوسرے مرحلے کے تحت مویشی پال کسانوں کے لیے پہلی قسط جاری کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ لائیو سٹاک ڈاکٹر فرحین نے بتایا کہ 16 ستمبر 2026 سے لائیو سٹاک کارڈ-II کی پہلی قسط جاری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 5 سے 20 جانور رکھنے والے مویشی پال کسانوں کو لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ 35 ہزار روپے سے 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلاسود قرض کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے مویشی پال افراد اپنے جانوروں کی ضروریات پوری کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات قریبی برانچ سے لائیو سٹاک کارڈ وصول کر سکتے ہیں جبکہ پہلے مرحلے میں مستفید ہونے والے حضرات اپنے پرانے کارڈ کا استعمال جاری رکھتے ہوئے سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے تحصیل کی رجسٹرڈ ویٹرنری ڈسپنسریوں سے جانوروں کے لیے ادویات، ویکسین اور منرل مکسچر بھی خریدے جا سکیں گے۔

اس اقدام کا مقصد مویشی پال کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جانوروں کی صحت اور پیداوار بہتر بنانے میں مدد دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لائیو سٹاک کارڈ سے متعلق مزید رہنمائی اور معلومات کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن 080009211 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔