وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے مارکیٹوں، بازاروں اور کمرشل ایریاز میں یکساں طرز کی ڈسٹ بن اور گاربیج بیگ استعمال کرنے، کمرشل علاقوں سے ویسٹ اٹھانے کے لیے اوقات کار مقرر کرنے اور صبح پانچ بجے مرکزی شاہراہوں کی دھلائی اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت …
وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، صفائی کی صورتحال، ویسٹ مینجمنٹ، ورکرز کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا

مزید خبریں
لاہور۔8اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے مارکیٹوں، بازاروں اور کمرشل ایریاز میں یکساں طرز کی ڈسٹ بن اور گاربیج بیگ استعمال کرنے، کمرشل علاقوں سے ویسٹ اٹھانے کے لیے اوقات کار مقرر کرنے اور صبح پانچ بجے مرکزی شاہراہوں کی دھلائی اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت خصوصی جائزہ اجلاس میں صفائی کی صورتحال، ویسٹ مینجمنٹ، ورکرز کی کارکردگی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلی نے مختلف علاقوں میں موجود خالی پلاٹوں کی صفائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ کی پانچ تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ماہانہ رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں فوری ایکشن لینے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے صوبہ بھر میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن یقینی بنانے، علاقائی ضروریات کے مطابق ورکرز اور مکینیکل مشینری کی کمی پوری کرنے اور اے ڈی سی سوشل سروسز کو صفائی کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ انہوں نے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کے گردونواح کے ساتھ ساتھ پارکس اور گرین بیلٹس کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا۔
انہوں نے صوبہ بھر میں ریلوے ٹریک کے اطراف شہری علاقوں کی صفائی کے لیے اقدامات، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی روزانہ اور بروقت صفائی یقینی بنانے اور ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ کنٹریکٹرز اور ایم ڈی واسا سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے لیے یکساں یونیفارم اور موٹر سائیکلوں کی برانڈنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب میں ورکر سے افسر تک ہر سطح پر کارکردگی جانچنے کے لیے ایس او پیز تشکیل دیے جائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ شہروں کی سبزی اور فروٹ منڈیوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں کنٹریکٹرز کو جرمانہ کرنے سے قبل24 گھنٹے میں بہتری لانے کی مہلت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرمانہ کرنا ہمارا مقصد نہیں، بلکہ صفائی یقینی بنانے کے لیے کام کیا جائے۔ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے۔ شہروں کی مین روڈز کے علاوہ گلی محلوں کی صفائی بھی بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب میرے دل کے بہت قریب ہے، مزید نتائج کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔اجلاس میں لاہور، خانیوال، اوکاڑہ، اٹک، قصور، مری اور دیگر علاقوں میں صفائی کی بہتر کارکردگی کو سراہا گیا، جبکہ فیصل آباد،سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دیگر علاقوں کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلی نے ستھرا پنجاب سے متعلق احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سات روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کر لیا۔








