وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ سے سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعیدالمالکی کی ملاقات

وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ سے سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعیدالمالکی کی ملاقات

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے، سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب ڈالر کا رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر تھا، وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے، سعودی عرب کے ساتھ سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعیدالمالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفیر نے رانا ثناءاللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے تین ارب ڈالررول اوور کرنے پرسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور برادرانہ ہیں، پاکستان کے عوام خادمین حرمین الشریفین سے بے پناہ عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے، سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب ڈالر کا رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم اوران کے وفد کے سعودی عرب دورہ کیلئےانتظامات پربھی سعودی حکومت اورسفارتخانے کے ممنون ہیں۔

وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ پاکستان میں 2011 میں قتل ہونے والے سعودی سفارتکار حسن القہطانی کے مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، قتل واقعہ میں ملوث تمام مجرمان کے ایف آئی اے کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں، مجرمان کو پکڑنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو مل کر ناکام بنایا جائے گا، پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے، پاکستان اورسعودی عرب مل کر داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔

سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان سے اس سال 81ہزارسے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، رواں سال حج کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ،پاکستان کیلئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔