وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدرات مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں تعلیمی اداروں کے معیار اور اعلیٰ تعلیم میں یکسانیت کے فروغ کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن کی بہتری کےلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو صوبوں سے مل کر لائحہ عمل وضع کرنے اور آئندہ ایک ماہ میں سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ صوبوں اور وفاق نے خالص ہائیڈل منافع جات کے سلسلہ میں …

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں تعلیمی اداروں کے معیار اور اعلیٰ تعلیم میں یکسانیت کے فروغ کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن کی بہتری کےلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو صوبوں سے مل کر لائحہ عمل وضع کرنے اور آئندہ ایک ماہ میں سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ صوبوں اور وفاق نے خالص ہائیڈل منافع جات کے سلسلہ میں اے جی این قاضی فارمولے پر من و عن عملدرآمد پر اتفاق کیا ہے، ملک میں 7 اکتوبر سے قومی سطح پر صفائی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدرات مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس پیر کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ ملک میں تعلیمی اداروں کے معیار اور اعلیٰ تعلیم میں یکسانیت کے فروغ کے سلسلہ میں وفاق اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن کی بہتری کےلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو صوبوں سے مل کر لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو آئندہ ایک ماہ میں تمام ضروری مشاورت مکمل کرنے اور سفارشات مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی معیار کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہائر ایجوکیشن صوبائی حکومت سے مل کر اس سلسلہ میں ممکنہ اقدامات کا جائزہ لے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحت کی سہولتوں اور خصوصاً کینسر کے مرض کی بروقت تشخیص و علاج کے سلسلے میں شوکت خانم ہسپتال کی سروسز بلوچستان تک پھیلائی جائیں گی۔ اجلاس نے کراچی کےلئے اضافی پانی کی فراہمی کیلئے صوبہ سندھ کی درخواست نیشنل واٹر کونسل کے سپرد کر دی۔ کونسل ملک میں موجودہ پانی کی فراہمی، صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے فارمولے اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کونسل کو اپنی سفارشات پیش کرے گی جبکہ پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کے بہتر استعمال کے سلسلے میں بھی اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔

مزید خبریں