وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ملک گیر سی پی آرٹریننگ کے انعقاد کا فیصلہ

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں شعبہِ صحت کی بہتری کیلئے ایک اور بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ملک گیر سی پی آرٹریننگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے،ایمرجنسی حالات میں جان بچانے والی بین الاقوامی معیار کی سی پی آر تربیت لاکھوں زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان میں سربراہ اسٹریٹجک ریفارمز سلمان صوفی نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سربراہ اسٹریٹجک ریفارمز کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جان بچانے والی سی پی آر ٹریننگ کو اسکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ سلمان صوفی نے کہا کہ اسکے علاوہ ہر شہری کو سی پی آر کی تربیت دینا بھی مہم کا حصہ ہوگا،آئندہ ہفتے اس ملک گیر مہم کے حوالے سے مکمل لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

سلمان صوفی نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت میں میرٹ کی بالادستی، بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور صوبہ پنجاب میں ہسپتالوں کے قیام کو یقینی بنایا۔وزیرِ اعظم وزراتِ عظمی سنبھالنے کے بعد قومی سطح پر صحت کے شعبے میں اصلاحات کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ملک گیر جان بچانے والی سی پی آر کی تربیت کی مہم اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔