وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جان بچانے والی سی پی آر ٹریننگ مہم کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جان بچانے والی سی پی آر ٹریننگ مہم کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا جبکہ وزیراعظم اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے مہم کا حصہ بننے کے خواہشمند رضاکار پر زور دیاہے کہ وہ 1166 پر کال کرکے خود کو رجسٹر کروائیں۔

منگل کووزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق سلمان صوفی نے کہا کہ ایسے افراد جو پہلے سے سی پی آر میں پیشہ ورانہ تربیت یافتہ ہیں، وہ رضاکاروں کی تربیت کیلئے رجسٹریشن کروائیں، مہم کا حصہ بنیں، تربیت حاصل کریں، 10 مزید لوگوں کو بنیادی سی پی آر کی ٹریننگ دیں اور انعام حاصل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کی رجسٹریشن کیلئے کسی بھی عمر کےافراداہل ہوں گے۔

انہوں نے نوجوانوں، خواتین، بچے اور بڑی عمر کے افراد پرزوردیاکہ وہ اپنی رجسٹریشن کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال میں بروقت سی پی آر سے کسی انسان کی جان بچائی جاسکتی ہے۔