وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت سرگودھا میں جدید آبی زراعت کا میگا منصوبہ جلد شروع ہوگا، کمشنر سرگودھا

سرگودھا ۔ 22 دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سرگودھا میں جدید خطوط پر شرمپ سٹیٹ کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے میں کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت ان کے کمیٹی روم میں پہلا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری محکمہ فشریز و آبی زراعت پنجاب راؤ محمد سلیم افضل نے …

سرگودھا ۔ 22 دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سرگودھا میں جدید خطوط پر شرمپ سٹیٹ کے قیام کے منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو گیا۔ اس سلسلے میں کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت ان کے کمیٹی روم میں پہلا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری محکمہ فشریز و آبی زراعت پنجاب راؤ محمد سلیم افضل نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا ابو بکر، محکمہ فشریز اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں سرگودھا میں شرمپ سٹیٹ ود ویلیو چین کمپوننٹس کے قیام سے متعلق تمام اہم پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ منصوبہ تحصیل سرگودھا میں شروع کیا جا رہا ہے، جس کی مجموعی لاگت 13 ارب روپے ہے جبکہ منصوبے کی مدت 2025-26 سے 2027-28 تک ہوگی۔ شرمپ سٹیٹ کے لیے زمین کی دستیابی، خریداری کے طریقہ کار، انفراسٹرکچر، یوٹیلیٹیز اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری فشریز راؤ محمد سلیم افضل نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ یہ منصوبہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی براہِ راست دلچسپی کا حامل ہے اور اس کا مقصد صوبے میں بلیو اکانومی کو فروغ دینا، جدید آبی زراعت کو متعارف کرانا اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سیم زدہ اور بنجر علاقوں کو کارآمد بنانے کے لیے شرمپ فارمنگ ایک مؤثر ماڈل ہے، جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ کسانوں کی آمدن میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے کہا کہ سرگودھا میں اس میگا منصوبے کا قیام خطے کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زمین، انتظامی معاملات اور تکنیکی پہلوؤں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے، جو ایک ہفتے کے اندر تمام معاملات کلیئر کر کے حتمی سفارشات پیش کرے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کا پی سی ون تیار ہو چکا ہے اور اسے آئندہ مراحل کے لیے متعلقہ فورمز پر پیش کیا جا رہا ہے۔ شرمپ سٹیٹ میں جدید ہچریاں، پروسیسنگ یونٹس، کولڈ اسٹوریج، پیکجنگ، ٹریننگ سینٹرز اور ویلیو چین سے منسلک دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مقامی سطح پر پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق برآمد کے قابل بنایا جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ پنجاب کے ان علاقوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے جہاں زمین سیم زدہ یا روایتی کاشت کے لیے موزوں نہیں، حکومتِ پنجاب کا ہدف ہے کہ ایسے علاقوں کو جدید آبی زراعت کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے اور صوبے کو شرمپ ایکسپورٹ کے شعبے میں نمایاں مقام دلایا جائے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سرگودھا کو ایک جدید اور منافع بخش آبی زراعت مرکز کے طور پر ترقی دی جا سکے۔