وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی اقوامِ متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل سے ملاقات، باروئرز فورم، ترقیاتی و موسمیاتی مالیات اور عالمی جنوب کی موثر نمائندگی پر گفتگو

وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو اقوامِ متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل آمنہ جے محمد سے ملاقات کی، ملاقات میں ترقیاتی مالیات، قرضوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو اقوامِ متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل آمنہ جے محمد سے ملاقات کی، ملاقات میں ترقیاتی مالیات، قرضوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے باہمی تجربات سے سیکھنے، انتظامی امور میں تسلسل برقرار رکھنے اور ایک موثر ورچوئل سیکریٹریٹ کے ذریعے باروئرز فورم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخزانہ نے عالمی جنوب کی آواز کو موثر بنانے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو رکن ممالک کی ضروریات کے لیے زیادہ جوابدہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں جانب سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، غربت میں کمی، سماجی تحفظ اور باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مناسب مالی وسائل کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ موسمیاتی مالیات میں موجود خلا، فنڈز تک رسائی کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں کی تیاری کے لیے استعداد بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی ۔

وزیرِ خزانہ نے شرحِ مبادلہ کے اتار چڑھاوسے وابستہ خطرات کم کرنے کے لیے مقامی کرنسی میں مالی معاونت کی اہمیت اجاگر کی اور ملکی سطح پر شفاف اور جوابدہ پالیسی سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے حالیہ امریکا۔ایران بحران میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہنے پر آمنہ جے محمد کا شکریہ ادا کیا۔