وزیرِ خزانہ کی الواریز اینڈ مارسل کے نمائندوں سے ملاقات، ورلڈ بینک کی ضمانتوں کے ذریعے 1.5 ارب ڈالر کی مالی معاونت کے حصول پر غور

وزیرِ خزانہ کی الواریز اینڈ مارسل کے نمائندوں سے ملاقات، ورلڈ بینک کی ضمانتوں کے ذریعے 1.5 ارب ڈالر کی مالی معاونت کے حصول پر غور

بنکاک۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ کی ضمانتوں کے ذریعے تقریباً 1.5 ارب ڈالر کی طویل مدتی مالی معاونت حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ خزانہ نے بینکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر الواریز اینڈ مارسل کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں مالی معاونت کے حصول کے لیے ورلڈ بینک کی ضمانتی سہولیات سے استفادے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے عالمی بینک کی پالیسی پر مبنی ضمانت کو ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (میگا) کی ضمانتی سہولت کے ساتھ یکجا کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ اس اقدام کا مقصد مسابقتی شرحوں پر مالی وسائل حاصل کرنا ہے، جبکہ ضمانتوں کی دستیاب حد اور لین دین کے ڈھانچے سے مشروط طور پر تقریباً 1.5 ارب ڈالر کی مالی معاونت کا ہدف زیرِ غور ہے۔ملاقات میں عالمی بینک کے وسائل سے موثر استفادے، بجٹ معاونت کو ضمانتوں کے ساتھ یکجا کرنے اور سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے زور دیا کہ نئے فریم ورک پر مذاکرات کے باعث ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے پہلے سے موجود ترقیاتی پالیسی آپریشن (ڈی پی او) کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے مجوزہ فریم ورک پر مزید غور و خوض اور پیش رفت کے لیے وزارتِ خزانہ، اقتصادی امور ڈویژن اور عالمی بینک گروپ کے درمیان تعاون کی حمایت کی۔ ملاقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے جاری مشاورتی عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔