وزیرِ خزانہ کی اوپیک فنڈ کے صدر سے ملاقات، ایم 6 موٹروے کی مالی معاونت ، اہم انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
وزیرِ خزانہ کی اوپیک فنڈ کے صدر سے ملاقات، ایم 6 موٹروے کی مالی معاونت ، اہم انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

مزید خبریں
بنکاک۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان میں ایم 6 موٹروے منصوبے کی مالی معاونت، ایم ایل ون ریلوے کی جدیدکاری اور بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے منظوریوں کے عمل کو تیز کرنے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

وزیرِ خزانہ نے یہ بات تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید الخلیفہ سے ملاقات میں کہی،ملاقات میں پاکستان کے اہم ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی معاونت، بنیادی ڈھانچے کی ترجیحات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ہونے والی پیش رفت اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک ملک کی دوبارہ رسائی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں تجارتی اور منصوبہ جاتی مالی معاونت بڑھانے کے لیے اوپیک فنڈ کی آمادگی کو سراہتے ہوئے اس تعاون کو ترقیاتی ترجیحات کی تکمیل کے لیے اہم قرار دیا۔فریقین نے ایم 6 موٹروے منصوبے کی مالی معاونت پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں منصوبے کے لیے منظور شدہ پہلی قسط، قرض کے معاہدے پر پیش رفت اور آئندہ اقساط سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر منصوبے کی مالی معاونت کے مراحل کو آگے بڑھانے اور اس پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ملاقات میں ایم ایل ون ریلوے منصوبے کی جدیدکاری اور بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو بھی پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیا گیا۔
دونوں جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ متعلقہ منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کے لیے منظوریوں کے عمل میں تیزی لائی جائے اور ادارہ جاتی سطح پر مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے تاکہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کی راہ ہموار ہو سکے۔گفتگو کے دوران خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔وزیرِ خزانہ نے اوپیک فنڈ کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید الخلیفہ کی جانب سے فنڈ کے دورے کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس مجوزہ دورے کے دوران ایم 6 موٹروے منصوبے سے متعلق معاہدے پر دستخط کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔







