وزیر اعظم شہباز شریف کا آصف علی زرداری سے ان کی والدہ محترمہ اور وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کی دادی کی وفات پراظہارتعزیت

شہید بے نظیر آباد ۔25جون (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری سے ان کی والدہ محترمہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دادی کی وفات پر زرداری ہاؤس شہید بے نظیر آباد، نواب شاہ جا کر اظہار تعزیت کیا۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیرتجارت سید نوید قمر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید فہد حسین موجود تھے۔

زرداری ہاؤس پہنچنے پر آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی، شازیہ مری، آصفہ بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، مرتضی وہاب اور حاجی علی حسن زرداری نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔وزیر اعظم اور ان کے وفد نے مرحومہ کی مغفرت، ایصال ثواب اور بلندئی درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔