وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا پی ٹی آئی پر سیاسی بات چیت کا راستہ اختیار کرنے پر زور
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا پی ٹی آئی پر سیاسی بات چیت کا راستہ اختیار کرنے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا ہے کہ خیبر پختونخوا (کے پی کے) کی مشکل صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے معاملات کے حل کے لیے سیاسی بات چیت کا راستہ اختیار کرے۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ایک آئینی حق ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ احتجاج کے حق کو وفاقی دارالحکومت پر حملے کے کسی خفیہ ایجنڈے کے آڑ کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ انتہا پسند گروہ احتجاج کو دارالحکومت پر حملے کے موقع کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ’’مینٹیننس آف پبلک آرڈر‘‘ (3-MPO) کے تحت کی جانے والی گرفتاریاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ گرفتار ہونے والے افراد مبینہ طور پر ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے جن سے امن و امان کی صورتحال پیدا ہو سکتی تھی۔







