کوئٹہ۔ 01 مئی (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی مزدور ڈے کے موقع پر عوام کے درمیان رہے ،انکے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔ یکم مئی کو وزیراعلی سیکرٹریٹ کے دروازے عوام کے لئے کھلے رہے جہاں مزدوروں، بزرگ شہریوں، طالب علموں اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے وزیراعلی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بیشتر مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔ عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ،گڈ گورننس کے قیام کے لئے سروس ڈلیوری کو بہتر بنانا ضروری ہے ،
گورننس کے بہتر ہونے سے ادارے فعال ہوں گے اور لوگوں کے مسائل ایک منظم طریقہ کار کے تحت میرٹ اور قواعد و ضوابط کے تحت حل ہوں گے ۔وزیراعلی نے کہا کہ کام نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو اپنی روش تبدیل کرنا ہوگی ،عوام کے جائز امور کی انجام دہی میں سست روی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،افسران کا عوام دشمن رویہ ناقابل برداشت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر شہری کو عزت و احترام دیکر ان کے جائز مسائل فوری طور پر حل کریں اور عوام کو درپیش پریشانیوں کا مدوا کیا جائے۔