وزیر توانائی کی قیادت میں ملک کی پہلی وہیلنگ نیلامی کے لیے آر ایف پی جاری،400 میگاواٹ کی گنجائش شفاف اور مسابقتی بولی کے ذریعے پیش کی جائے گی

وزیر توانائی کی قیادت میں بجلی کے شعبے کو سنگل بائر ماڈل سے بتدریج مسابقتی تھوک بجلی منڈی کی جانب منتقل کرنے کے عمل میں اہم پیش رفت کے تحت ملک کی پہلی وہیلنگ نیلامی کے لیے آر ایف پی جاری کر دیا گیا ہے

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں بجلی کے شعبے کو سنگل بائر ماڈل سے بتدریج مسابقتی تھوک بجلی منڈی کی جانب منتقل کرنے کے عمل میں اہم پیش رفت کے تحت ملک کی پہلی وہیلنگ نیلامی کے لیے آر ایف پی جاری کر دیا گیا ہے، یہ اقدام کمپیٹیٹو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کے تحت کیا جا رہا ہے۔وزارت توانائی (پاور ڈویژن)سے اتوار کوجاری بیان کے مطابق وہیلنگ آکشن گائیڈ لائنز 2025 کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں مجموعی طور پر 800 میگاواٹ کی گنجائش نیلام کی جائے گی جس میں سے 400 میگاواٹ پہلی نیلامی میں پیش کئے جا رہے ہیں، اس نیلامی کے ذریعے اہل شرکا کو قومی ترسیلی اور تقسیمی نظام تک رسائی حاصل کرنے اورمسابقتی منڈی میں دوطرفہ بجلی کے لین دین میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔نیلامی کا عمل پانچ واضح مراحل پر مشتمل ہوگا جن میں نیلامی سے متعلق دستاویزات کا اجرا،اہلیت کی جانچ،بولیوں کا جائزہ،نیلامی کے نتائج کی منظوری اورگنجائش کی الاٹمنٹ شامل ہیں۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ تین دہائیوں سے پاکستان کے مرکزی خریداری کے نظام کو مسابقتی بجلی منڈی میں تبدیل کرنے کا مقصد زیرِ غور رہا ہےلیکن موجودہ حکومت نے اس مقصد کو محض پالیسی عزم تک محدود رکھنے کی بجائے اب اسے عملی شکل دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہیلنگ نیلامی اس سمت میں پہلا عملی قدم ہے جس کے تحت بجلی پیدا کرنے والے اور بڑے صارفین شفاف طریقہ کار کے ذریعے براہِ راست بجلی کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں ایک میگاواٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے بڑے صارفین اس نظام سے فائدہ اٹھائیں گے جبکہ آنے والے برسوں میں اس کے فوائد عام صارفین تک بھی پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کومسابقتی بنیاد پر نسبتاً سستی بجلی دستیاب ہونے سے پیداواری لاگت کم کرنے، عالمی منڈی میں مسابقت بڑھانے اور برآمدات میں اضافے کے مواقع پیدا ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آر ایف پی کا اجرا وہیلنگ نیلامی کے شفاف اور قابلِ اعتماد عمل کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے، اہلیت کی جانچ سے لے کر گنجائش کی الاٹمنٹ تک ہر مرحلہ واضح طور پر متعین کیا گیا ہےاور پورا عمل ایک مخصوص نیلامی پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کے احکامات کی روشنی میں آئی ایس ایم او کی جانب سے تمام اہل شرکا کو اس عمل میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے جبکہ رہنمائی کے مواد اوردیگر معاون وسائل کے ذریعے ہر مرحلے پر ان کی معاونت کی جائے گی۔ آئی ایس ایم او شرکا کی سہولت کے لیے وضاحتی ویڈیوز کی ایک سیریز بھی جاری کرے گا تاکہ وہ نیلامی کے طریقہ کار، تجاویز جمع کرانے کے تقاضوں اور نیلامی پلیٹ فارم کے استعمال کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔آر ایف پی میں اہلیت کے معیار، تجاویز جمع کرانے کے تقاضوں، مقررہ فارمیٹس، نیلامی کے طریقہ کار اور مکمل ٹائم لائن کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے اہل شرکا سے کہا گیا ہے کہ وہ آر ایف پی کا بغور جائزہ لیں اور مقررہ مدت کے اندر مکمل تجاویز جمع کرائیں۔آر ایف پی اور اس سے متعلق تمام دستاویزات آئی ایس ایم او کی ویب سائٹ www.ismo.gov.pk پر دستیاب ہیں۔ مزید معلومات یا وضاحت کے لیے [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے