وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان سے ڈیووس میں ملاقات

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان سے ڈیووس میں ملاقات کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں وسیع گنجائش موجود ہے جس سے فریقین کو مختلف ادارہ جاتی میکانزم اور نئے شعبوں کی نشاندہی کے جدید طریقوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وزیر خارجہ نے سرحدی علاقے میں معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سرحدی منڈیوں کی جلد از جلد تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کاز کے لئے ایران کی بھرپور حمایت بالخصوص سپریم لیڈر کی سطح پر حمایت کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں ایرانی طیارہ بھیجنے پر وزیر خارجہ عبداللہیان کا شکریہ بھی ادا کیا جس نے بلوچستان کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے میں مدد کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں کہا کہ پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور ایران قریبی تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے بین الاقوامی برادری اور عبوری افغان حکومت کے درمیان پائیدار روابط انتہائی اہم ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عبداللہیان نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔