وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 28 اور 29 جولائی کو تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 28 اور 29 جولائی کو تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ ولادیمیر نوروف نے دی ہے۔

اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر غور و خوض کریں گے اور اس سال ستمبر میں ثمرقند میں ہونے والے تنظیم کے سربراہی اجلاس میں سربراہان مملکت کو پیش کئے جانے والے فیصلوں اور دستاویزات کی منظوری دیں گے۔

وزیر خارجہ اس موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اہم مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور بہتر تعلقات کو فروغ دینا شامل ہے۔ پاکستان کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں چین، بھارت، قزاخستان، روس، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔