وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی زراعت کا دوسرا اہم اجلاس

وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے زراعت کا دوسرا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں حکومت سندھ کا ربیع سیزن 2026-27میں کسانوں کو ڈی اے پی کھاد پر سبسڈی دینے کی تجاویز پر غورکیا گیا۔

کراچی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے زراعت کا دوسرا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں حکومت سندھ کا ربیع سیزن 2026-27میں کسانوں کو ڈی اے پی کھاد پر سبسڈی دینے کی تجاویز پر غورکیا گیا۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزراء جام خان شورو،سید ذوالفقار علی شاہ، مخدوم محبوب الزمان اور وزیراعلی سندھ کے معائون خصوصی راجویر سنگھ سوڈھو،سیکرٹری زراعت محمد زمان ناریجو، محکمہ ریونیو، سندھ بینک اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اس موقع پر وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز اور آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے

ذیلی کمیٹی کے اراکین سے ڈی اے پی سبسڈی کے حوالے سے مزید تجاویز طلب کی گئی ہیں،ڈی اے پی سبسڈی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی کے مزید ایک یا دو اجلاس اور ہوں گے۔ وزیر آبپاشی جام خان شورو نے اس موقع پر کہا کہ مزید اجلاسوں میں اراکین کی تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی، ذیلی کمیٹی کی حتمی سفارشات مزید اجلاسوں کے بعد سندھ کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ اور مخدوم محبوب الزمان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔