لاہور۔14نومبر (اے پی پی):وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے بطور مہمانِ خصوصی بہاولپور میں منعقدہ تقریب میں کامیاب کاشتکاروں کو وزیرِ اعلی پنجاب ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر وزیرِ زراعت پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے کاشتکاروں کو10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ارب روپے کی لاگت …
وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب نے کامیاب کاشتکاروں کو ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں
لاہور۔14نومبر (اے پی پی):وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے بطور مہمانِ خصوصی بہاولپور میں منعقدہ تقریب میں کامیاب کاشتکاروں کو وزیرِ اعلی پنجاب ہائی پاور گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر وزیرِ زراعت پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے کاشتکاروں کو10 ہزار ہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ارب روپے کی لاگت سے فی ٹریکٹر10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ بہاولپور ڈویژن میں1299 ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب فارم میکانائزیشن کے فروغ کے لیے فیاضانہ وسائل فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت اب تک 6 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو80 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ کھاد، بیج، پیسٹی سائیڈز اور ڈیزل کی خریداری کسان کارڈ کے ذریعے ممکن بنائی گئی ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کو کاٹن ویلی میں تبدیل کرنے کے لیے دو ارب روپے کے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر زراعت کو حقیقی معنوں میں ٹرانسفارم کیا جا رہا ہے۔بعد ازاں وزیر زراعت پنجاب کی زیر صدارت سرکٹ ہائوس بہاولپور میں گندم کی کاشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی خالد محمود بابر وارن اورسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہوسمیت دیگرنے شرکت کی۔









