وزیر زراعت پنجاب کی زیر صدارت دھان کی باقیات جلانے کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس

وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت دھان کی باقیات جلانے کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا

لاہور۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت دھان کی باقیات جلانے کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کاشف بشیر،ڈائریکٹر جنرلز زراعت شہباز اختر، نوید عصمت کاہلوں، انجینئرمشتاق میر اور پراجیکٹ کوآرڈینیٹر چوہدری عبدالحمید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے حوالے سے جاری آگاہی مہم میں مزید تیزی لائی جائے اور دھان کی کاشت کے علاقوں میں فیلڈ افسران فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کی کڑی نگرانی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھان کی باقیات کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جائے۔وزیر زراعت نے واضح کیاکہ حکومتی سبسڈی پر 10 ہزار سپر سیڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دھان کی کٹائی کیلئے کبوٹا، سپر سیڈر اور بیلر مشینوں کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کنٹرول کے لیے پنجاب بھر میں 177 کنٹرول رومز فعال ہیں۔

انہوں نے سموگ کنٹرول کے حوالے سے محکمہ زراعت کی اب تک کی مہم کی کارکردگی کو سراہا۔