وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اعلی سطحی اجلاس منعقدہوا

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اعلی سطحی اجلاس منعقدہوا۔ سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ہسپتال کی طبی سہولیات، مکمل و جاری منصوبوں، عملے کی بھرتیوں اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت کو انسٹی ٹیوٹ انتظامیہ نے بریفنگ میں بتایاگیاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اب تک 61 ہزار سے زائد مریضوں کا او پی ڈی میں معائنہ ہو چکاہے۔ ہسپتال کی ایمرجنسی میں اب تک ہزاروں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔کارڈیک کیئر یونٹ میں 826 مریضوں کو داخل کیا گیا جبکہ51 ہزار233 لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ ہسپتال میں919 کیتھ لیب پروسیجرز اور 2 ہزار 92 ایکو کارڈیوگرافی ٹیسٹ مکمل ہوچکے ہیں۔ 275 ایکسرسائز ٹالرنس ٹیسٹ اور 120 ہولٹر ٹیسٹ بھی کئے جا چکے ہیں۔ بریفنگ میں مزیدبتایاگیاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 603 ایکسرے، 223 الٹراسائونڈ و ڈوپلر اور194 سی ٹی اسکین کیے گئے ہیں۔ ہسپتال میں دل کے مریضوں کے لیے 6 بائی پاس سرجریز کامیابی سے مکمل ہو چکی ہیں۔صوبائی وزیر صحت کو ہسپتال کے ترقیاتی منصوبوں اور طبی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔خواجہ سلمان رفیق نے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ ہسپتال کے انتظامی امور، عملے کی دستیابی اور جاری منصوبوں کی پیش رفت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر اعلی پنجاب امراض قلب کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔سیکرٹری صحت پنجاب نے کہاکہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ مریضوں کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کریں گے ۔