وزیر صنعت و تجارت پنجاب کی زیرصدرات سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کا اجلاس،8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا

وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرصدرات سپیشل اکنامک زون اتھارٹی پنجاب کا 12واں اجلاس سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ،اجلاس کے دوران صوبے میں صنعتکاری کے عمل میں مزید تیزی لانے کےلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے

لاہور۔4اگست (اے پی پی):وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرصدرات سپیشل اکنامک زون اتھارٹی پنجاب کا 12واں اجلاس سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ،اجلاس کے دوران صوبے میں صنعتکاری کے عمل میں مزید تیزی لانے کےلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ترجمان کےمطابق بورڈ نے گرین انڈسٹریل پارک اور سندر گرین انڈسٹریل پارک سپیشل اکنامک زونز میں توسیع کی منظوری دی۔خصوصی اقتصادی زونز میں توسیع کی تجاویز حتمی منظور ی کےلئے سرمایہ کاری بورڈ اسلام آباد کو بھجوائی جائیں گی۔بورڈنے صنعتی مراکز میں مقررہ مدت میں انڈسٹری نہ لگانے پر منسوخ اور کینسل شدہ پلاٹس کے کیسز سیزا کی ذیلی کمیٹی میں بھجوا نے کا فیصلہ کیا جو ان کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ اجلا س میں پنجاب کابینہ کی طرف سے صوبے کے صنعتی مراکز کےلئے منظور کردہ لینڈ لیز پالیسی سرمایہ کاری بورڈ اسلام آباد کو بھجوا نے کی منظوری بھی دی گئی۔بورڈ نے پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپرز پر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بلڈنگ بائی لاگو کرنے کی منظوری دی۔

بورڈ نے ایڈیشنل سیکرٹری کامرس کی ایس ای ذیلی کمیٹی میں شمولیت کی بھی منظوری دی۔ چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کےلئے خصوصی مراعات کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب کو ترجیح دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کی بڑھتی طلب کے پیش نظر بعض خصوصی اقتصادی زونز میں توسیع دی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ سیکٹر کے سپیشل اکنامک زونز کی کالونائزیشن کی بھی مانیٹرنگ کی جائے، سپیشل اکنامک زون اتھارٹی اپنا موثر ریگولیٹری کردار ادا کر ے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صنعتی مراکز کی 100 فیصد آباد کاری حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ا جلاس میں سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، سی ای او پیڈمک، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی جبکہ سی ای او فیڈمک اور دیگر متعلقہ افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

 

مزید خبریں