وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ترکمانستان کے سفیر آتاجان مولاموف کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے جمعرات کو ترکمانستان کے سفیر آتاجان مولاموف نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین مذہبی تعلیم، ثقافت، باہمی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا بھی شریک تھے

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے جمعرات کو ترکمانستان کے سفیر آتاجان مولاموف نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین مذہبی تعلیم، ثقافت، باہمی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا بھی شریک تھے ۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مذہبی وفود کے تبادلے، مذہبی تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور خطے میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ مذہبی اور ثقافتی روابط کو مزید وسعت دے کر دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مفتی اعظم ترکمانستان رحمن قربان میرادوف کے متوقع دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمان کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذہبی شخصیات اور وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قربت اور باہمی احترام کو فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین مذہبی تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک اپنے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے مذہبی و ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔ترکمانستان کے سفیر آتاجان مولاموف نے پاکستان کے مذہبی تعلیمی نظام اور نصاب میں اپنے ملک کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کی قیادت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور انہیں مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکمانستان مذہبی ہم آہنگی، امن، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ دونوں جانب سے مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مزید خبریں