فیصل آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال میں جدید ترین موڈیولر آپریشن تھیٹرز کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جدید آپریشن تھیٹر بین الاقوامی معیار کی سرجیکل سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی پیش رفت …
وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے مدینہ ٹیچنگ ہسپتال میں جدید موڈیولر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال میں جدید ترین موڈیولر آپریشن تھیٹرز کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جدید آپریشن تھیٹر بین الاقوامی معیار کی سرجیکل سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی پیش رفت ہیں جو نہ صرف مریضوں کے علاج کو مزید محفوظ اور مؤثر بنائیں گے بلکہ جدید میڈیکل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔ افتتاح کے بعد اپنے تفصیلی دورے میں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں، لیبارٹریوں اور سپیشلائزڈ یونٹس کا معائنہ کیا اور جدید انفراسٹرکچر، صفائی کے معیارات، طبی سٹاف کی کارکردگی اور مجموعی انتظامی نظم و ضبط پر ہسپتال انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے یونیورسٹی لائبریری اوراسلامی گیلری کا بھی دورہ کیا جہاں رکھے گئے نوادرات، تاریخی دستاویزات، میڈیکل ریسرچ کے نایاب ذخیرے اور مختلف شخصیات کی علمی خدمات پر مبنی مواد میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا علمی ماحول، تحقیقی سہولیات اور نایاب نوادرات طلبہ و فیکلٹی کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں جو نہ صرف علمی تحقیق کو فروغ دیتے ہیں بلکہ ادارے کی علمی شناخت کو بھی مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کتابوں اور تحقیق سے وابستگی ہی وہ بنیاد ہے جو میڈیکل سائنس کو جدید خطوط پر استوار کرتی ہے۔
تقریب میں پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم ملک، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شرزان ندیم، پرنسپل ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر ارسلان واحد سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، گریجویٹس کے والدین، میڈیکل پروفیشنلز اور سماجی شخصیات بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے جدید موڈیولر آپریشن تھیٹرز کے قیام کو ہسپتال اور میڈیکل کالج کی ترقی کے لیے نہایت اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بلند کرے گا بلکہ میڈیکل تعلیم و تربیت کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔
تقریب کے اختتام پر وزیرمملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی دستیابی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور اس نوعیت کے منصوبے ملک میں صحت کے بہتر مستقبل کی جانب ٹھوس پیش رفت ہیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ جدید سہولیات خطے کے عوام کو بہترین سرجیکل خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔








