ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایم سی سی آئی) کے قائم مقام صدر اظہر بلوچ نے وفاقی بجٹ میں سپر ٹیکس کے خاتمے، تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں کمی، کینسر کی ادویات کے خام مال پر ڈیوٹی میں کمی اور تعمیراتی شعبے کے لیے مراعات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں معیشت کی بحالی اور صنعتی ترقی کے لیے مثبت اقدامات قرار دیا ہے
وفاقی بجٹ کے کاروبار دوست اقدامات خوش آئندہیں،اظہر بلوچ

مزید خبریں
ملہ۔ 12 جون (اے پی پی):ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایم سی سی آئی) کے قائم مقام صدر اظہر بلوچ نے وفاقی بجٹ میں سپر ٹیکس کے خاتمے، تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں کمی، کینسر کی ادویات کے خام مال پر ڈیوٹی میں کمی اور تعمیراتی شعبے کے لیے مراعات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں معیشت کی بحالی اور صنعتی ترقی کے لیے مثبت اقدامات قرار دیا ہے۔بجٹ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپر ٹیکس کے خاتمے سے صنعتوں پر مالی بوجھ کم ہوگا، سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور کاروباری مسابقت بہتر ہوگی۔انہوں نے کینسر کی ادویات کے خام مال پر ڈیوٹی میں کمی کو عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ادویات کی لاگت کم ہونے میں مدد ملے گی۔
اظہر بلوچ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو دیا گیا ٹیکس ریلیف خوش آئند ہےتاہم حکومت اس طبقے پر کم سے کم ٹیکس عائد کرے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ متوسط طبقے کو مزید سہولت مل سکے۔انہوں نے تعمیراتی شعبے کے لیے مراعات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سیمنٹ، اسٹیل، ٹرانسپورٹ سمیت متعدد وابستہ صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ صنعتی ترقی، برآمدات، سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانیوں کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور پالیسی سازی میں نجی شعبے کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجٹ میں دیے گئے ریلیف اقدامات معاشی سرگرمیوں اور کاروباری اعتماد میں اضافے کا باعث بنیں گے۔








