وفاقی بجٹ 27-2026 کاروبار دوست اصلاحات اور معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے،رکن حیدرآبادچیمبر
وفاقی بجٹ 27-2026 کاروبار دوست اصلاحات اور معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے،رکن حیدرآبادچیمبر

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 12 جون (اے پی پی):حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کے رکن ایگزیکٹو کمیٹی کاشف شیخ نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو مجموعی طور پر مثبت، اصلاحاتی اور کاروبار دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت کی بہتری، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور مختلف شعبوں میں ریلیف فراہم کر کے ایک متوازن اور دور رس حکمت عملی اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سپر ٹیکس کے نظام میں نمایاں اصلاحات کی گئی ہیں، جس کے تحت 15 کروڑ سے 50 کروڑ روپے آمدنی والے طبقات پر سپر ٹیکس کا خاتمہ ایک انتہائی خوش آئند فیصلہ ہے۔ اسی طرح سات درجوں پر مشتمل سپر ٹیکس اسٹرکچر میں سے چھ درجوں کو ختم کر دیا گیا ہے جبکہ 50 کروڑ روپے سے زائد آمدنی والے طبقے کے لیے شرح کو 10 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد کیا گیا ہے، جس سے کاروباری اعتماد میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔
کاشف شیخ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پراپرٹی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں دی گئی سہولیات بھی قابلِ تحسین ہیں، جن سے نہ صرف جائیداد کی منتقلی آسان ہوگی بلکہ رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو بھی استحکام ملے گا۔ اسی طرح "میرا گھر، میرا پاکستان” پروگرام کے تحت کم آمدنی والے طبقے کے لیے رعایتی قرضوں کی فراہمی ایک عوام دوست اقدام ہے، جس سے عام شہریوں کو گھر کی سہولت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے آسان اور سہل طریقہ کار متعارف کرانا ایک مثبت قدم ہے، جبکہ ایف بی آر کے نظام میں سادگی، ایف ٹی آر کی آسانی اور پی او ایس کی جگہ کیو آر کوڈ سسٹم کا نفاذ شفافیت اور جدیدیت کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ایگزیکٹو کونسل نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اگر حکومت ان اصلاحات پر مؤثر، شفاف اور مستقل بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بناتی ہے تو اس کے مثبت اثرات عام آدمی تک پہنچیں گے، معیشت مزید مستحکم ہوگی اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔







