وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی،گندم وافر مقدار میں موجود ہے، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی،وزیراعظم محمد شہباز شریف

وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی،گندم وافر مقدار میں موجود ہے، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی،وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کو کم لاگت پر کھاد، معیاری بیج، جدید مشینری اور پانی کے بہتر استعمال کیلئے آلات و تکنیکی صلاحیتوں کی فراہمی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی،گندم وافر مقدار میں موجود، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی،صوبوں کے ساتھ مشاورت مکمل کرکے جلد گندم کی قیمت کا اعلان کیا جائےگا۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، زراعت پاکستان کی معیشت کو قلیل مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی استعداد رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسانوں کی ترقی، ایکوا کلچر، شرمپ فارمنگ اور کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو براہ راست سبسڈی فراہم کرنے جیسے احسن اقدامات کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کسانوں کی ترقی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کیلئے شب و روز محنت کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ لائیو سٹاک کا شعبہ بھی ملکی برآمدات بڑھانے کی وسیع استعداد رکھتا ہے، پاکستانی حلال گوشت کی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی، کسانوں کو کم لاگت پر کھاد، معیاری بیج، جدید مشینری اور پانی کے بہتر استعمال کیلئے آلات و تکنیکی صلاحیتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، کسانوں بالخصوص چھوٹے و درمیانے درجے کے کسانوں کو ان کی فصل کی صحیح قیمت فراہم کرنا ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے گندم وافر مقدار میں موجود ہے، گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائیگی، گندم کی بوائی سے پہلے اس کی صحیح قیمت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ ملے، چاہتے ہیں کسانوں کو گندم کی صحیح قیمت اور صارف کو سستی گندم ملے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمت کے حوالے سے فیصلہ صوبوں کی مشاورت کے ساتھ کیا جائیگا، صوبوں کے ساتھ مشاورت مکمل کرکے جلد گندم کی قیمت کا اعلان کیا جائیگا۔

اجلاس میں وزیرِاعلیٰ پنجاب اور وزیر خوراک سندھ نے پنجاب اور سندھ میں کسانوں کی ترقی کیلئے صوبائی حکومتوں کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں زراعت کی ترقی کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد حسین مگسی، میاں معین وٹو، مشیران رانا ثناء اللہ، ہارون اختر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر زراعت سندھ مخدوم محبوب الزمان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔